کھیل

عرفات کی شاندار بیٹنگ، فخر کی سنچری، پاکستان کی سری لنکا کے خلاف سہ فریقی سیریز کے فائنل میں فتح

پاکستان نے نوجوان آل راؤنڈ عرفات منہاس کی جارحانہ نصف سنچری اور تجربہ کار اوپنر فخر زمان کی سنچری بدولت سہ فریقی سیریز کے فائنل میں سری لنکا کو باآسانی 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سہ فریقی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس کے بعد مہمان ٹیم نےمقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 325 رنز بنائے۔

سری لنکا نے کامیندو مینڈس (131) کی پہلی ون ڈے سنچری کی مدد سے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے۔

پون رتھنائیکے 77 اور اویشکا فرنانڈو 38 رنز بناکر دیگر نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور سلمان علی آغا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

قومی ٹیم نے فخر زمان کی شان دار سنچری کی بدولت سری لنکا کے بولرز کے عزائم کو ناکام بنایا اور ابتدائی اوورز میں اہم وکٹیں گرنے کے باوجود میچ میں اپنی گرفت برقرار رکھی۔

نوجوان اوپنر معاذ صداقت 5 اور بابراعظم صفر پر آؤٹ ہوئے تو ٹیم دباؤ کا شکار نظر آئی تاہم فخرزمان نے اینڈ سنبھالے رکھا اور نوجوان وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ کے ساتھ اننگز آگے بڑھائی۔

سعد بیگ اور فخر زمان کے درمیان 161 رنز کی بہترین شراکت قائم ہوئی، سعد بیگ 75 گیندوں پر 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 11 چوکے شامل تھے۔

فخر زمان نے اپنے کیریئر کی 12 ویں سنچری بنائی اور 99 گیندوں پر 127 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سلمان آغا صرف 17 رنز بنا سکے۔

حسن نواز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور عرفات منہاس کے ساتھ مل کر ٹیم کو جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا، عرفات نے صرف 31 گیندوں پر 3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

حسن نواز نے آؤٹ ہوئے بغیر 37 رنز بنائے اور کپتان شاہین شاہ آفریدی نے چھکا لگا کر ٹیم کو جیت سے ہم کنار کردیا۔

پاکستان نے 49 ویں اوور کی تیسری گیند پر 7 وکٹوں پر 331 رنز بنا کر سہ فریقی سیریز اپنے نام کرلی۔

فخرزمان کو شان دار سنچری پر میچ اور عرفات منہاس کو سیریز کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستان ٹیم کو ایونٹ کے 4 گروپ میچوں میں سے صرف ایک میں سری لنکا کے ہاتھوں ہی شکست ہوئی، دوسری جانب سری لنکا نے بھی تین میچوں میں فتح حاصل کی جبکہ آخری گروپ میچ میں اس سے انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *